25 اگست 2019 - 08:02
اربعین حسینی کے سرگرم کارکنوں کی دوسری کانفرنس

آستان قدس رضوی کی میزبانی اور اربعین کے موقع پر موکب لگانے والوں کی شرکت سے اربعین حسینی کی سرگرم کمیٹیوں کے کارکنوں کی دوسری کانفرنس شروع ہو گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اربعین حسینی کے سرگرم کارکنوں  کی دوسری کانفرنس آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین مروی، وزیرداخلہ  عبدالرضا رحمانی فضلی،صوبہ خراسان رضوی کے گورنر   علی رضا رزم حسینی،آستان قدس رضوی کے نائب متولی   مصطفیٰ خاکسار قہروی ،موکبوں کے بانیوں اور  اربعین   حسینی کے موقع پر مذہبی پروگراموں کا  اہتمام کرنے والوں  کی شرکت    سے حرم مطہر رضوی کے قدس ہال میں شروع ہوگئی۔

آستان قدس رضوی کی اربعین کمیٹی کے سیکرٹری اور کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محسن منصوری نے کانفرنس میں معزز مہمانوں اور تمام حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ  اربعین حسینی کے سرگرم  کارکنوں  کی دوسری کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد موکبوں کے بانیوں اور اربعین حسینی کے فعال کارکنوں کے مابین تجربوں کا تبادلہ ، سید الشہدا کے خادموں کے مابین  اخوت و بھائی چارہ  کی تقویت   اور شیعہ واہلسنت برادران کے درمیان اتحاد  و یکجہتی اور ہمدلی کا اظہار ہے ۔

انہوں نے  اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ یہ کانفرنس     ایران و عراق  کے موکبوں کے بانیوں، اربعین حسینی کے موقع پر مذہبی پروگراموں کا انعقاد کرنے والوں اور اربعین مارچ کی  خبروں کو کور یج دینے والے میڈیاکے  افراد اور نمائندوں کے لئے خاص طور سے  ہے  کہا کہ اس کانفرنس میں  عراق سے ایک سو موکبوں کے  بانی اور دس  غیر ملکی موکبوں کے بانی شریک ہيں جو اربعین کے موضوع اور اس دوران زائرین کی خدمات فراہم کرنے کے موضوعات   پر  تبادلہ خیال  کریں گے    اور اس بات کا جائزہ لیں گے کہ اربعین کے پروگراموں کو کس طرح سے مزیدپرشکوہ بنایا جائے

کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے  کہا  کہ یہ کانفرنس دو حصوں  میں منعقد کی جارہی  ہے   ایک حصہ میں تقاریر اور دوسرے میں مختلف ورکشاپس کا انعقاد کیا جارہا ہے   جن کا ہدف و مقصد اربعین حسینی سے متعلق تجربوں کا تبادلہ ہے

محسن منصوری کا کہنا تھا کہ اربعین کائنات کی ہرخوبصورتی کا مظہر اور تاریخ بشریت کی سب سے بڑی عوامی  تحریک کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  گذشتہ چند برسوں  کے دوران  اربعین حسینی  کے مارچ نے خود کو پوری دنیا کے  سب سے بڑے ثقافتی، سماجی اور اور مذہبی پروگرام کے طور پر منوایا ہے  اور یہ  ایسا شاندار  پروگرام اور ایسا عظیم الشان مارچ ہے جو پوری طرح سے عوامی  ہے اور اس میں وہ لوگ شرکت کرتے ہیں  جو سید الشہدا مام حسین علیہ السلام سے بے پناہ عشق و محبت کرتے ہيں   

انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ   آستان قدس رضوی نے مخیر حضرات کی مدد سے گذشتہ چند برسوں کے دوران اربعین حسینی کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے او ر اس سال بھی گذشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ بڑھ چڑھ کر حصہ لےگا   کہا   کہ مالی اعتبار سے  آستان قدس رضوی مخیر حضرات کے تعاون سے اور  انتظامی لحاظ سے سرگرم افراد کے تعاون سے  اربعین کے پروگراموں میں شرکت کرتا ہے اور کرے گا   

جناب منصوری نے کہا کہ  آستان قدس رضوی کی ایک اور اہم ذمہ داری اربعین کے  مذہبی اور عقیدتی  پہلوؤں  کی  تقویت کرنا ہے۔   ان کا کہنا تھا کہ  کہ یہ مقدس آستانہ ایک مذہبی  اور  ثقافتی مجموعہ ہونے کی وجہ سے گذشتہ برسوں  سے اس سلسلے میں خاص طور پر  کام انجام دے رہا ہے اور اربعین پر آنے والے زائرین کو اس سلسلے میں مؤثر خدمات فراہم کر رہا ہے ۔

انہوں نے  کہا کہ آستان قدس رضوی  اربعین کے بین الاقوامی پہلوؤں کو وسیع تر کرنے  ، اربعین   کے پروگراموں میں غریب افراد کی بھی  شرکت کو یقینی  کرنے اور ایران و عراق کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے  جیسے میدانوں میں کام کررہا ہے اور اربعین کے پروگراموں میں آستان قدس رضوی کی شرکت  کے جملہ مقاصد بھی  یہي ہیں 




/129